نئی دہلی /لکھنؤ13جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملائم خاندان میں جھگڑے کو لے کر آج کا دن انتہائی اہم رہا۔آج دونوں فریقوں نے ایک ساتھ الیکشن کمیشن کے سامنے اپنی دلیلیں رکھیں۔الیکشن کمیشن میں اس معاملے کی سماعت کے دوران دونوں دھڑے نشان پراپنادعویٰ کرتے رہے جس کے بعدالیکشن کمیشن نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔اب اس معاملے میں آگے کوئی سنوائی نہیں ہوگی اور کمیشن کبھی بھی اپنا فیصلہ سنا سکتے ہیں۔کمیشن نے ایس پی کے جھگڑے پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ملائم گروپ کے وکیل نے کہا کہ ملائم کو اکھلیش گروپ نے اجلاس کے دوران رہنما بنایا تھا۔اس پارٹی میں تو کوئی ٹوٹ ہے ہی نہیں جو بھی جھگڑا ہے وہ اندرونی اور انتظامی معاملہ ہے۔ملائم نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ اکھلیش وزیراعلیٰ ہیں اورمیں اب صرف رہنما ہوں۔اس پرتمام لوگ متفق ہیں۔پارٹی میں کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ملائم نے جھگڑے کو اندرونی معاملہ قرار دیاہے۔دوسری طرف اکھلیش یادو گروپ نے الیکشن کمیشن میں سائیکل انتخابی نشان پر اپنا دعویٰ کیاہے۔اکھلیش گروہ نے دلیل دی ہے کہ پارٹی میں ان کے پاس اکثریت ہے۔ذرائع کے مطابق فیصلہ پیر کوسامنے آئے گا۔اکھلیش دھڑے کے وکیل کپل سبل نے تقریبا پانچ گھنٹے کی سماعت کے بعد یہاں انتخابی کمیشن کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ سماعت مکمل ہو گئی ہے اور الیکشن کمیشن نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔